Appreciation Awards by DPO Muzaffargarh

Sunday, October 16, 2016

جرائم کے خاتمے میں پولیس کے آفیسران اور اہلکاروں کا کردار ناقابل فراموش ہے ،پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے ہی معاشرے میں امن کا قیام ممکن ہوسکا۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او ملک اویس احمد نے جرائم کے خاتمے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس آفیسران اور اہلکاروں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی کاوشوں کی وجہ سے ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کا نہ صرف خاتمہ ہوا بلکہ کئی اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہر ے میں لایا گیا جو قابل تعریف امر ہے ۔ڈی پی او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام پولیس آفیسران واہلکاروں کو ایمانداری سے کام کرنا ہوگا،تھانہ جات کے اخراجات کے لیے حکومت تمام اخراجات ادا کر رہی ہے مگر ہمیں بھی اسکے بدلے بہترین نتائج دکھانا ہوں گے اور خود کو پولیس کا سچا محافظ ثابت کرنا ہو گا۔ڈی پی او ملک اویس احمد کا مزید کہنا تھا کہ جو پولیس آفیسر واہلکار اچھی کارکردگی نہیں دکھائیں گے یا شہریوں کو انصاف فراہم نہیں کریں گے انھیں نہ صرف ضلع بدر کیا جائیگا بلکہ ان کیخلاف سخت محکمانہ کاروائی بھی عمل میں آسکتی ہے ۔ڈی پی اوملک اویس احمد نے اس موقع پر خانگڑھ میں 2پولیس کانسٹیبلوں کو شہید کرنے والے ذوالفقار عرف ذلی قریشی کو پولیس مقابلے میں کیفرکردار تک پہنچانے والے پولیس آفیسران واہلکاروں کو بھی شاباش دی ۔ڈی پی او کی جانب سے جرائم کی بیخ کنی اور اچھی کارکردگی دکھانے دکھانے پر ایس ایچ اوخانگڑھ رمضان شاہد،انسپکٹر مجاہد گوراہا ،انچارج سی آئی اے منیر چانڈیہ،اے ایس آئی احسان چانڈیہ ،اے ایس آئی فلک شیر اور دیگر پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے ۔